Beginning of I'tikaf in Masjid Nabawi

GR SONS

 


مسجد نبوی میں اعتکاف کا آغاز




مسجد نبوی میں اعتکاف کا آغاز، روح پرور مناظر — آخری عشرے کے لیے انتظامات مزید سخت

رمضان المبارک کے آخری عشرے کی آمد کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عبادت گزاروں کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

حکام نے مجموعی طور پر 18 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں جبکہ قریباً 6 ہزار گاڑیاں اور مختلف آلات بھی سیکیورٹی اور انتظامی امور کے لیے متحرک کر دیے گئے ہیں۔

اسی دوران مسجد نبوی میں عبادت گزاروں نے اعتکاف کا آغاز کر دیا ہے، جس سے روح پرور مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ افراد جنہوں نے پیشگی رجسٹریشن مکمل کر کے باقاعدہ اجازت نامے حاصل کیے تھے، انہوں نے مسجد نبوی میں اعتکاف کی عبادت شروع کر دی ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارے کی جانب سے معتکفین اور دیگر زائرین کے لیے متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں رہنمائی، انتظامی خدمات، طبی سہولیات، ترجمے کی سہولت، مہمان نوازی اور ضروری سامان کی فراہمی شامل ہے تاکہ عبادت گزاروں کو ایک آرام دہ اور روحانی ماحول میسر آ سکے۔

انتظامیہ کی جانب سے فیلڈ ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں جو داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مختلف خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہیں، تاکہ معتکفین اور زائرین مکمل یکسوئی کے ساتھ عبادت اور دعا میں مشغول رہ سکیں۔

دوسری جانب مدینہ منورہ کی بلدیہ نے بھی مسجد نبوی اور شہر کی دیگر بڑی مساجد میں آنے والے زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

اس مقصد کے لیے 5 ہزار 700 سے زائد اہلکاروں کے ساتھ ایک ہزار 230 آپریشنل گاڑیاں اور دیگر آلات بھی متحرک کیے گئے ہیں۔

آپریشنل منصوبے کے تحت صفائی اور ماحولیاتی حفظان صحت کو بہتر بنانے، بنیادی سہولیات کو مزید مضبوط کرنے اور تجارتی و خوراک سے متعلق اداروں کی سخت نگرانی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صحت کے معیار اور مصنوعات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے علاوہ نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے اور بلدیاتی خدمات سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کے لیے جدید الیکٹرانک پلیٹ فارمز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

ان اقدامات کے ذریعے وزارت بلدیات و رہائش نے عمرہ زائرین اور دیگر آنے والے افراد کے لیے محفوظ، منظم اور سہولت بخش ماحول میں عبادات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے بلدیاتی اداروں کی تیاری کو مزید مؤثر بنایا ہے۔

ادھر مکہ مکرمہ میں بھی بلدیہ کی جانب سے مرکزی علاقے اور مسجد الحرام کے اطراف صفائی اور دیگر انتظامی سرگرمیوں کے لیے 13 ہزار سے زائد اہلکار چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں۔۔۔۔