پیٹرول سبسڈی ایپ
وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے شہریوں کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے پیٹرول سبسڈی ایپ کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے ایپ کی ڈیولپمنٹ مکمل کر لی ہے، جو اس وقت لانچ سے قبل آخری مرحلے کی ٹیسٹنگ میں ہے۔
ایپ آخری ٹیسٹنگ مرحلے میں داخل
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سسٹم کو صارفین اور ریٹیلرز دونوں سطحوں پر آزمایا گیا ہے تاکہ اس کی کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ سیکیورٹی اور ڈیٹا ویریفکیشن کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
ریٹیلرز نے فیول ٹرانزیکشن اور کوٹا ویریفکیشن سسٹم کی جانچ میں حصہ لیا، جبکہ صارفین نے رجسٹریشن، شناختی تصدیق اور اہلیت کی جانچ جیسے فیچرز کو پرکھا۔
حکام نے ہزاروں صارفین کی بیک وقت رسائی کو مدنظر رکھتے ہوئے لوڈ ٹیسٹنگ بھی کی ہے تاکہ سسٹم کی کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈیٹا انٹیگریشن
ممکنہ مستحق افراد کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، کورونا وبا اور حالیہ سیلابی امداد کے ڈیٹا بیس کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی کی جا سکے۔
مجوزہ نظام کے تحت صرف حکومت کی جانب سے نامزد کم آمدنی والے افراد ہی اس سبسڈی کے اہل ہوں گے۔
موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے خصوصی ریلیف
یہ منصوبہ خاص طور پر موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے بنایا گیا ہے، جو بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
اہل افراد کو مخصوص مقدار میں پیٹرول فراہم کیا جائے گا، جبکہ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہوگا کہ گاڑی ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو، اور متعلقہ اداروں کو رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔۔
