sasural bhat zalim hai || In our society the inlaws are very cruel

GR SONS


چہرے پرتقویٰ کردار میں منافقت




 ایک بار میں نے کسی بہت معتبر شخصیت کو یہ کہتے سنا تھا کہ "ہمارے معاشرے کا سسرال بہت ظالم ہے" تب میں یہ ٹھیک طرح سے سمجھ نہیں پائی، پھر کچھ عرصے بعد مجھے اپنی ایک عزیزہ کے گھر مدعو کیا گیا، وجہ یہ تھی کہ ان کی بیٹی کو دیکھنے کچھ لوگ آ رہے تھے تو میری عزیزہ نے کہا کہ میں کچھ دیر کیلئے ان کے ساتھ بیٹھ جاؤں، 

میں عموماً کسی کے ایسے معاملے میں شریک نہیں ہوتی مگر یہاں معاملہ انتہائی عزیز تعلق داری کا تھا تو میں چلی گئی

 خیر وہ لوگ آئے مرد حضرات ڈرائنگ روم میں بیٹھے اور پردے کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے خواتین الگ جگہ پر بیٹھیں، رشتے کیلئے آنے والی خاتون مجھے اپنے لباس انداز و اطوار اور بول چال سے کافی سوبر اور بااخلاق لگیں، چائے کا دور چلا 

ہلکی پھلکی گفتگو کے بعد وہ خاتون مدعے پر آئیں، میری عزیزہ کی بیٹی کو انہوں نے پہلو میں بٹھا رکھا تھا اور انتہائی شائستگی، خوش اخلاقی، اور بار بار دین کا حوالہ دیتے ہوئے بات کرتی رہیں، کئی ایک بار ان کی آنکھیں بھی نم ہوئیں، کئی

 ایک ایسے جملے بھی کہے جو عام حالات میں بولنے پر محض "ڈائیلاگ" سمجھے جاتے مگر یہاں بیٹی کا معاملہ تھا تو دل کسی اور ہی کیفیت میں تھا، ایسے جملے بھی سچائی پر مبنی لگ رہے تھے کچھ ان خاتون کی خوش اخلاقی اور لب و لہجے کا بھی اثر تھا کہ کسی کا بھی دل انکار ہی نہ کر پارہا تھا کہ یہ سب وقتی یا ملمع سازی بھی ہو سکتا ہے۔


قصہ مختصر: تمام کام خوش اسلوبی سے انجام پا گئے شادی ہو کر بچی اپنے گھر کی ہوئی اور باقی سب بھی اپنے اپنے معاملات زندگی میں مصروف ہوگئے۔
کچھ دن پہلے مجھے پتہ چلا کہ وہ بچی اپنے ماں باپ کے گھر نا صرف طلاق دے کر واپس بھیج دی گئی ہے بلکہ وہ بہت بیمار اور لاچار حالت میں بھی ہے۔

مجھے دلی تکلیف ہوئی، بے اختیار اس بچی کی ساس کے وہ جملے یاد آئے، "میں ہمیشہ اس کی ماں بن کر رہوں گی، یہ میری بہو نہیں بیٹی بن کر جائے گی اس گھر میں، وہ گھر اس کا ہو گا تمام اختیارات اس کے ہوں گے، ہم تو آخری وقت کا چراغ ہیں کبھی بھی بجھ سکتے ہیں، میں اس کی آنکھ میں کبھی آنسو نہیں آنے دوں گی، میں اسے گرم ہوا بھی نہیں لگنے دوں گی" وغیرہ وغیرہ اور پھر رشتوں کے معاملے میں دیئے جانے والے وہ تمام دینی حوالے بھی یاد آئے اور پھر بچی کی انتہائی ابتر حالت دیکھ کر دل پھٹنے کو آ گیا، وہ جملہ جو کبھی سنا تھا
 کہ ہمارے معاشرے کا سسرال بہت ظالم ہے
 اس کی سمجھ آ گئی مجھے اور میں یہ سوچنے پر مجبور ہو گئی (اور قلم اٹھانے پر بھی) کہ اس معاشرے میں رشتے طے کرتے وقت دینداری کا کیسا گھٹیا اور جھوٹا کھیل رچا رکھا ہے کچھ لوگوں نے، ہمارے معاشرے میں کچھ عورتیں ایسی بھی ہیں جو اپنے بیٹوں کے لیے رشتے تلاش کرنے نکلتی ہیں تو ان کے لہجے میں شہد گھلا ہوتا ہے، گفتگو میں ایسی مٹھاس ہوتی ہے کہ سننے والا ان کی خوش اخلاقی کا اسیر ہو جائے، لباس، وضع قطع، گفتگو اور اندازِ بیان سے مکمل مذہبی و دینی خاتون ہونے کا تاثر دیتی ہیں، بات بات پر ماشاءاللہ، الحمدللہ، سبحان اللہ اور دین و شریعت کے حوالے، گویا اخلاق و کردار کی چلتی پھرتی مثال ہوں۔

رشتے کی بات ہو تو بہو کے لیے بیٹی جیسے حقوق، محبت، عزت، آزادی اور اپنائیت کے ایسے دعوے کرتی ہیں کہ لڑکی کے والدین اپنی بیٹی کا مستقبل محفوظ سمجھ کر رشتہ طے کر دیتے ہیں۔

مگر افسوس!
جیسے ہی وہ لڑکی دلہن بن کر ان کے گھر کی دہلیز پار کرتی ہے، ان کے لہجوں کی مٹھاس کڑواہٹ میں اور محبت کے دعوے حکم چلانے اور پابندیاں لگانے میں تبدیل ہونے لگتے ہیں۔

جو عورت کل تک کہہ رہی تھی کہ میری بہو میری بیٹی ہوگی، آج اسی بہو کو ہر وقت یہ احساس دلانے لگتی ہے کہ تم اس گھر میں پرائی ہو، اس کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو پہاڑ بنا دیا جاتا ہے، اس کی جائز خواہشات کو نافرمانی کا نام دے دیا جاتا ہے، اس کے والدین سے تعلق کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس کے شوہر کے سامنے اس کی کردار کشی کو اپنا حق سمجھ لیا جاتا ہے، کبھی جہیز نہ لانے کے طعنے، کبھی کم اور کبھی کم قیمت لانے کے طعنے، وہ بیٹی جو اپنے ماں باپ کے گھر میں لائق سگھڑ تمیز دار عقل اور ہنر والی ہوتی ہے وہ سسرال کی سب سے کمتر چیز بد زبان بد چلن اور ہر معاملے میں پھوہڑ قرار دے دی جاتی ہے۔

مزید افسوس ناک بات یہ ہے کہ ایسی عورتیں اپنی اس ذہنیت کو مذہب کی آڑ میں چھپانے کی کوشش بھی کرتی ہیں، کبھی صبر کا درس دے کر بہو کی زبان بندی کرتی ہیں، کبھی خدمت کو اس کا فرض قرار دے کر اپنی ہر ناجائز توقع اس پر مسلط کرتی ہیں اور کبھی خاندان کی عزت کا حوالہ دے کر اس کی عزتِ نفس تک کچل دیتی ہیں۔

ذرا سوچیے! کیا یہی وہ دین ہے جس کی تعلیمات کا حوالہ دے کر آپ دوسروں کو متاثر کرتی ہیں؟
کیا دین صرف دوسروں کو نصیحت کرنے، اپنی برتری جتانے اور اپنی خواہشات منوانے کا نام ہے؟
کیا حسنِ اخلاق صرف رشتے کروانے تک محدود ہے؟
کیا تقویٰ کا مطلب صرف مذہبی لباس، تسبیح اور زبان پر خوب صورت الفاظ سجانا ہے؟
نہیں! ہرگز نہیں!

اسلام ہمیں صرف عبادات ہی نہیں بلکہ حقوق العباد، حسنِ سلوک، عدل، رحم اور دوسروں کی عزتِ نفس کا احترام بھی سکھاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے بہترین انسانوں میں اس شخص کو قرار دیا ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہترین ہو، اور یہ بھی فرمایا کہ اپنی عورتوں کے معاملے میں نرمی اختیار کرنا۔
اور یاد رکھیے، بہو بھی کسی کی بیٹی ہے، اس کے والدین نے اسے صرف اس لیے آپ کے حوالے نہیں کیا کہ آپ اسے اپنی انا، ضد، حسد اور گھریلو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیں۔

آپ کو اگر اپنے بیٹے کی خوشی عزیز ہے تو اس کی شریکِ حیات کی عزت بھی عزیز ہونی چاہیے، بیٹے کی محبت میں بہو کو ذلیل کرنا، اس کے گھر کو میدانِ جنگ بنانا اور پھر لوگوں کے سامنے اپنی پارسائی کے قصیدے پڑھنا کوئی نیکی نہیں، اور تف ہے ان مردوں پر بھی جو دینداری اور فرمابرداری کا علم صرف اور صرف اپنی ماں کی حد تک رکھتے اور سمجھتے ہیں، ان کو لگتا ہے کہ اللّٰہ نے صرف ماں کی نافرمانی پر ہی سارے عذاب اتار رکھے ہیں، ان کو دین کے سارے حوالے ساری آیتیں ساری احادیث اور ان کے مفہوم و مطالب صرف وہ یاد رہتے ہیں جو ان کے مطلب کے ہوں اور وہ ان کو اپنے مطلب کے رنگ میں ڈھال کر بیوی اور دیگر لوگوں کے سامنے بیان کر سکیں۔

ایسی عورتوں کو دینداری کا اصل مفہوم بھی پتہ نہیں ہوتا اور پھر بیٹوں کی تربیت بھی وہ دین کے مطابق نہیں بلکہ اپنے خرافاتی دماغ کے مطابق کرتی ہیں

اصل دینداری وہ ہے جو گھر کی چار دیواری میں بھی نظر آئے، اصل شرافت وہ ہے جو اس وقت بھی قائم رہے جب کوئی دیکھنے والا نہ ہو، اور اصل اخلاق وہ ہے جو اپنے سے کمزور سمجھے جانے والے انسان کے ساتھ بھی ویسا ہی ہو جیسا آپ دنیا کے سامنے دکھاتی ہیں۔

یاد رکھیے!
لوگوں کو اپنے میٹھے لہجے سے متاثر کرنا آسان ہے، مگر اپنے کردار سے ان کا اعتماد جیتنا مشکل۔
چہرے پر مذہب کا تاثر سجانے سے انسان متقی نہیں ہو جاتا، تقویٰ تو اس وقت ثابت ہوتا ہے جب انسان کو اختیار حاصل ہو اور پھر بھی وہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے۔

اس لیے بہو لانے سے پہلے اپنے اندر ماؤں جیسا ظرف پیدا کریں، کیونکہ کسی کے گھر سے بیٹی مانگ کر لانا آسان ہے، مگر اسے اپنی بیٹی جیسی عزت، تحفظ اور محبت دینا بڑے ظرف کی بات ہے۔

خدارا! دینداری کا لبادہ اوڑھنے کے بجائے اپنے کردار کو دیندار بنائیے، کیونکہ اللہ کے ہاں چہروں کی نمائش نہیں، دلوں اور اعمال کی حقیقت اہم ہے۔
اور ایک آخری درخواست ان تمام لوگوں سے جو بیٹی والے ہیں

ضرورت سے زیادہ میٹھے لہجے سن کر اور ضرورت سے زیادہ دینداری دیکھ کر ایک بار "اصلیت" پرکھنے اور جاننے کی کوشش ضرور کریں کیونکہ آپ کی بیٹی آپ کے گھر کی سب سے "قیمتی متاع" ہے جبکہ سسرال میں سب سے کمتر اور حقیر سمجھی جانے والی چیز۔

اللّٰہ ہم سب کی بیٹیوں کے نصیب نیک کرے اور ان کی حفاظت فرمائے آمین ثم آمین۔


کاپی پیسٹ

یہ بھی پڑھیں